متی
1
عیسیٰ مسیح کا نسب نامہ
عیسیٰ مسیح بن داؤد بن ابراہیم کا نسب نامہ:
ابراہیم اسحاق کا باپ تھا، اسحاق یعقوب کا باپ اور یعقوب یہوداہ اور اُس کے بھائیوں کا باپ۔ یہوداہ کے دو بیٹے فارص اور زارح تھے (اُن کی ماں تمر تھی)۔ فارص حصرون کا باپ اور حصرون رام کا باپ تھا۔ رام عمی نداب کا باپ، عمی نداب نحسون کا باپ اور نحسون سلمون کا باپ تھا۔ سلمون بوعز کا باپ تھا (بوعز کی ماں راحب تھی)۔ بوعز عوبید کا باپ تھا (عوبید کی ماں روت تھی)۔ عوبید یسّی کا باپ اور یسّی داؤد بادشاہ کا باپ تھا۔
داؤد سلیمان کا باپ تھا (سلیمان کی ماں پہلے اُوریاہ کی بیوی تھی)۔ سلیمان رحبعام کا باپ، رحبعام ابیاہ کا باپ اور ابیاہ آسا کا باپ تھا۔ آسا یہوسفط کا باپ، یہوسفط یورام کا باپ اور یورام عُزیّاہ کا باپ تھا۔ عُزیّاہ یوتام کا باپ، یوتام آخز کا باپ اور آخز حِزقیاہ کا باپ تھا۔ 10 حِزقیاہ منسّی کا باپ، منسّی امون کا باپ اور امون یوسیاہ کا باپ تھا۔ 11 یوسیاہ یہویاکین* یہویاکین: یونانی میں یہویاکین کا مترادف یکونیاہ مستعمل ہے۔ اور اُس کے بھائیوں کا باپ تھا (یہ بابل کی جلاوطنی کے دوران پیدا ہوئے)۔
12 بابل کی جلاوطنی کے بعد یہویاکین یہویاکین: یونانی میں یہویاکین کا مترادف یکونیاہ مستعمل ہے۔ سیالتی ایل کا باپ اور سیالتی ایل زرُبابل کا باپ تھا۔ 13 زرُبابل ابیہود کا باپ، ابی ہود اِلیاقیم کا باپ اور اِلیاقیم عازور کا باپ تھا۔ 14 عازور صدوق کا باپ، صدوق اخیم کا باپ اور اخیم اِلیہود کا باپ تھا۔ 15 اِلیہود اِلی عزر کا باپ، اِلی عزر متان کا باپ اور متان کا باپ یعقوب تھا۔ 16 یعقوب مریم کے شوہر یوسف کا باپ تھا۔ اِس مریم سے عیسیٰ پیدا ہوا، جو مسیح کہلاتا ہے۔
17 یوں ابراہیم سے داؤد تک 14 نسلیں ہیں، داؤد سے بابل کی جلاوطنی تک 14 نسلیں ہیں اور جلاوطنی سے مسیح تک 14 نسلیں ہیں۔
عیسیٰ مسیح کی پیدائش
18 عیسیٰ مسیح کی پیدائش یوں ہوئی: اُس وقت اُس کی ماں مریم کی منگنی یوسف کے ساتھ ہو چکی تھی کہ وہ روح القدس سے حاملہ پائی گئی۔ ابھی اُن کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ 19 اُس کا منگیتر یوسف راست باز تھا، وہ علانیہ مریم کو بدنام نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اِس لئے اُس نے خاموشی سے یہ رشتہ توڑنے کا ارادہ کر لیا۔ 20 وہ اِس بات پر ابھی غور و فکر کر ہی رہا تھا کہ رب کا فرشتہ خواب میں اُس پر ظاہر ہوا اور فرمایا، ”یوسف بن داؤد، مریم سے شادی کر کے اُسے اپنے گھر لے آنے سے مت ڈر، کیونکہ پیدا ہونے والا بچہ روح القدس سے ہے۔ 21 اُس کے بیٹا ہو گا اور اُس کا نام عیسیٰ رکھنا، کیونکہ وہ اپنی قوم کو اُس کے گناہوں سے رِہائی دے گا۔“
22 یہ سب کچھ اِس لئے ہوا تاکہ رب کی وہ بات پوری ہو جائے جو اُس نے اپنے نبی کی معرفت فرمائی تھی، 23 ”دیکھو ایک کنواری حاملہ ہو گی۔ اُس سے بیٹا پیدا ہو گا اور وہ اُس کا نام عمانوایل رکھیں گے۔“ (عمانوایل کا مطلب ’خدا ہمارے ساتھ‘ ہے۔)
24 جب یوسف جاگ اُٹھا تو اُس نے رب کے فرشتے کے فرمان کے مطابق مریم سے شادی کر لی اور اُسے اپنے گھر لے گیا۔ 25 لیکن جب تک اُس کے بیٹا پیدا نہ ہوا وہ مریم سے ہم بستر نہ ہوا۔ اور یوسف نے بچے کا نام عیسیٰ رکھا۔

*1:11 یہویاکین: یونانی میں یہویاکین کا مترادف یکونیاہ مستعمل ہے۔

1:12 یہویاکین: یونانی میں یہویاکین کا مترادف یکونیاہ مستعمل ہے۔