ہوسیع
1
نبی کا خاندان اسرائیل کی علامت ہے
1 ذیل میں رب کا وہ کلام درج ہے جو اُن دنوں میں ہوسیع بن بیری پر نازل ہوا جب عُزیّاہ، یوتام، آخز اور حِزقیاہ یہوداہ کے بادشاہ اور یرُبعام بن یوآس اسرائیل کا بادشاہ تھا۔
2 جب رب پہلی بار ہوسیع سے ہم کلام ہوا تو اُس نے حکم دیا، ”جا، زناکار عورت سے شادی کر اور زناکار بچے پیدا کر، کیونکہ ملک رب کی پیروی چھوڑ کر مسلسل زنا کرتا رہتا ہے۔“ 3 چنانچہ ہوسیع کی جُمر بنت دِبلائم سے شادی ہوئی۔ اُس کا پاؤں بھاری ہوا، اور بیٹا پیدا ہوا۔ 4 تب رب نے ہوسیع سے کہا، ”اُس کا نام یزرعیل رکھنا۔ کیونکہ جلد ہی مَیں یاہو کے خاندان کو یزرعیل میں اُس قتل و غارت کی سزا دوں گا جو اُس سے سرزد ہوئی۔ ساتھ ساتھ مَیں اسرائیلی بادشاہی کو بھی ختم کروں گا۔ 5 اُس دن مَیں میدانِ یزرعیل میں اسرائیل کی کمان کو توڑ ڈالوں گا۔“
6 اِس کے بعد جُمر دوبارہ اُمید سے ہوئی۔ اِس بار بیٹی پیدا ہوئی۔ رب نے ہوسیع سے کہا، ”اِس کا نام لورُحامہ یعنی ’جس پر رحم نہ ہوا ہو‘ رکھنا، کیونکہ آئندہ مَیں اسرائیلیوں پر رحم نہیں کروں گا بلکہ وہ میرے رحم سے سراسر محروم رہیں گے۔
7 لیکن یہوداہ کے باشندوں پر مَیں رحم کر کے اُنہیں چھٹکارا دوں گا۔ مَیں اُنہیں کمان، تلوار، جنگ کے ہتھیاروں، گھوڑوں یا گھڑسواروں کی معرفت چھٹکارا نہیں دوں گا بلکہ مَیں جو رب اُن کا خدا ہوں خود ہی اُنہیں نجات دوں گا۔“
8 لورُحامہ کا دودھ چھڑانے پر جُمر پھر حاملہ ہوئی۔ اِس مرتبہ بیٹا پیدا ہوا۔ 9 تب رب نے فرمایا، ”اِس کا نام لوعمی یعنی ’میری قوم نہیں‘ رکھنا۔ کیونکہ تم میری قوم نہیں، اور مَیں تمہارا خدا نہیں ہوں گا۔
10 لیکن وہ وقت آئے گا جب اسرائیلی سمندر کی ریت جیسے بےشمار ہوں گے۔ نہ اُن کی پیمائش کی جا سکے گی، نہ اُنہیں گنا جا سکے گا۔ تب جہاں اُن سے کہا گیا کہ ’تم میری قوم نہیں‘ وہاں وہ ’زندہ خدا کے فرزند‘ کہلائیں گے۔ 11 تب یہوداہ اور اسرائیل کے لوگ متحد ہو جائیں گے اور مل کر ایک راہنما مقرر کریں گے۔ پھر وہ ملک میں سے نکل آئیں گے، کیونکہ یزرعیل* یزرعیل: اللہ بیج بوتا ہے۔ کا دن عظیم ہو گا!